کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جب کہ صوبہ غور میں شدت پسندوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
یر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے حکومت کابل میں پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران متعدد پولنگ اسٹیشنز پر دھماکے رپورٹ کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکوں کے بعد ووٹ ڈالنے کے لیے قطاروں میں کھڑے عوام میں افراتفری مچ گئی اور انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بجائے بھاگ پر جان بچانے کی کوشش کی۔
افغان حکام کے مطابق پہلا دھماکا انٹیلی جنس آفیسر کی گاڑی کے نیچے لگے بم پھٹنے سے ہوا ۔پولیس چیف کے مطابق بم دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق افغان صوبے غور میں شدت پسندوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ حملوں کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی بڑھادی گئی جس کے تحت مزید 20 ہزار نفری تعینات کی گئی ہے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے لیے 32صوبوں میں 4900 پولنگ سینٹر اور 20ہزارپولنگ اسٹیشن قائم گئے ہیں۔