آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ سیریز میں 17 وکٹیں لینے والے پاکستانی میڈیم فاسٹ بولر محمد عباس ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے۔ پاکستان کے ابھرتے ہوئے مایہ ناز فاسٹ بالر محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے رینکنگ میں 11 درجے ترقی کرلی ہے۔
نئی رینکنگ میں قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی ترقی کی ہے جن میں آف اسپنر بلال آصف شامل ہیں جو 17 درجے ترقی کرکے 52 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بلے بازوں میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 17 درجے ترقی کی ۔ انہوں نے ابوظبہی ٹیسٹ میں 94 اور 81 رنز کی اننگز کھیلیں تھیں۔ اوپنر فخر زمان 68 ویں، بابر اعظم 76 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں بھارت پہلے اور پاکستان 7 ویں نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا پر فتح سے گرین شرٹس کو 7 پوائنٹس حاصل ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب کینگروز کی تیسری سے پانچویں پوزیشن پر تنزلی ہوگئی ہے۔ رینکنگ میں چھٹا نمبر پاکستان کی دسترس میں آنے لگا ہے اور سری لنکا سے صرف 2 پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا ہے۔
بلے بازوں میں ویرات کوہلی بدستور نمبر ون ہیں جب کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے اوپر اظہر علی ہیں جو 17 ویں پوزیشن پر ہیں۔ بولرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست جب کہ محمد عباس تیسرے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش شکیب الحسن پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔