دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز بابراعظم اور فخر زمان نے کیا لیکن فخر زمان ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور چوتھے اوور میں 11 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے۔
محمد حفیظ اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 70 رنز بنائے لیکن محمد حفیظ 40 رنز بناکر اسٹین لیک کی گیند پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 45 رنز بناکر جان شارٹ کا شکار بنے۔ آصف علی بھی 9، شعیب ملک 14 اور حسن علی بغیر کوئی رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور جیت کیلئے آسٹریلیا کو 148 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 45 اور محمد حفیظ 40 رنز بناکر نمایاں رہے، آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کالٹر نیل نے 3 اور اسٹین لیک نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔