دوسرا ٹی ٹوئنٹی،پاکستان کےہاتھوں آسٹریلیا کو شکست، سیریز جیت لی

دبئی: تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور جان شارٹ نے کیا لیکن 11 کے مجموعی اسکور پر جان شارٹ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کو دوسرا نقصان کرس لین کا ہوا جو 7 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر شاداب خان کو کیچ دے بیٹھے جب کہ تیسری وکٹ ایرون فنچ کی گری جو 3 رنز بناکر شاداب کا شکار ہوئے۔
مچل مارش بھی شاداب کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ ایلیکس کیری محمد حفیظ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بین مک ڈیمورک 3 رنز بناسکے اور فخرزمان نے اچھی فیلڈنگ کرتے ہوئے انہیں رن آؤٹ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے میکسویل اور کالٹر نیل نے بہترین کھیل پیش کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف اسٹروک کھیلتے ہوئے میچ کو انتہائی دلچسپ بنادیا۔
آخری اوور میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 23 رنز درکار تھے اور پہلی ہی گیند پر کالٹر نیل نے گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینک دیا لیکن شاہین آفریدی نے تیسری بال پر میکسویل اور پانچویں گیند پر کالٹر نیل کو پویلین کی راہ دکھاکر میچ اپنے نام کرلیا۔آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 136 رنز بنا سکی اور اس طرح پاکستان نے میچ 11 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے میکسویل 52، نیل کالٹر 27 اور مچل مارش 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 جب کہ محمد حفیظ اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور جیت کیلئے آسٹریلیا کو 148 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 45 اور محمد حفیظ 40 رنز بناکر نمایاں رہے، آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کالٹر نیل نے 3 اور اسٹین لیک نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو باآسانی 66 رنز سے شکست دے دی تھی جب کہ سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 28 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔