ملتان:پاکستان میں خواتین پر تشددکے خلاف ان کی معاونت کے لیے قائم واحد ادارہوائلنس اگینسٹ وومن سینٹر(وی اے ڈبلیو سی) ملتان حکومت کی بے توجہی کے باعث بند ہونےکے قریب ہے۔
اس ادارے کے بند ہونے سے ملتان میں متاثرہ خواتین کا واحد سہارہ ختم ہونے کے ساتھ خواتین پر تشدد کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق ادارے کے ملازمین کو جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد سے تنخواہیں نہیں دی گئیں جب کہ عمارت کے بجلی اور فون کے بل بھی ادا نہیں کیے گئے۔
ادارے کے ایک سینئر اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ” ہمارے فون بل کی ادائیگی نہ ہونے سے منقطع کر دیے گئے ہیں اور اگر بجلی کی فراہمی بھی معطل کر دی گئی تو ہمیں مجبورا کام بند کرنا پڑے گا۔”
اہلکار کا کہنا تھا کہ فنڈ جاری نہ ہونے کے باوجود سینٹر کے ملازمین متاثرہ خواتین کو قانونی معاونت، رہائش اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔
اکتوبر 2017 میں پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی ایکٹ کے تحت قائم کیے جانے والے سینٹر کا مقصدتشدد کا شکار خواتین کو ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے مدد فراہم کرنا ہے۔
خاص طور پر یہ ادارہ گھریلو مار پیٹ ، زناء بالجبر اور جنسی تشدد کی ماری خواتین کو مدد فراہم کرتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی اسی نوعیت کے سینٹر ز کے قیام کا منصوبہ تھا۔ملک میں صنف کی بنیاد پر ہونے والے تشدد کے واقعات سے نمٹنے کے لیے جدوجہد جا ری ہے۔