جاوید میانداد کی چیف جسٹس سے ملاقات، ڈیم فنڈزکیلئے رقم دی

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کر کے ڈیم فنڈز میں دو لاکھ روپے جمع کرائے۔
جاوید میانداد نے چیف جسٹس کو 92 ورلڈ کپ کی گیند بھی نیلامی کے لیے پیش کی جس پر جاوید میانداد اور وزیر اعظم عمران خان جو اس وقت پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے کے دستخط موجود ہیں۔
جاوید میانداد نے چیف جسٹس کو بتایا کہ ورلڈ کپ 92 کی گیند 10 سال بعد امپائر نے دی تھی، امید ہے گیند کی نیلامی میں لوگ دلچسپی لیں گے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ گیند کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم بھی ڈیم فنڈز کو جائے گی۔جاوید میانداد نے کہا کہ پانی بنیادی ضرورت ہے جو ہم سب کے لئے ضروری ہے، ہمیں اپنے آبی وسائل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ سوچنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے مجھے کچھ کرنا پڑا تو ضرور کروں گا، سیاست میں آنا ہوتا تو بہت پہلے آ جاتا لیکن ملک کو میری ضرورت پڑی تو ضرور سیاست میں قدم رکھوں گا۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے رواں برس جولائی میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فوری طور پر تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈیم فنڈز قائم کیا تھا۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ ڈیم فنڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔