جکارتہ: انڈونیشیا میں نجی ایئرلائن کا مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا جس میں عملے سمیت 189 افراد سوار تھے۔
انڈونیشیا میں نجی ایئرلائن کا مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق حادثے کی شکار پرواز جے ٹی 610انڈونیشیا کے شہر جکارتا سے پنگ کل پنانگ جا رہی تھی۔
نجی فضائی کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ اُڑان بھرنے کے 13منٹ بعد ریڈار سے اچانک غائب ہوا اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے اس کا رابطہ ٹوٹ گیا۔
طیارہ گرنے کے ممکنہ مقام پر امدادی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، انڈونیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق طیارے میں 3بچوں اور عملے کے 7ارکان سمیت 188افراد سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ جاوا کے سمندر میں تیل کے کنویں کے قریب سے مل گیا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6بج کر 10منٹ پر جکارتا سے روانہ ہوا اور 7بج کر 20منٹ پر اسے اپنی منزل پر پہنچنا تھا۔
حادثے کا شکار ہونے والا انڈونیشی طیارہ جکارتا سے سماٹرا کے جزیرے جا رہا تھا، ٹیک آف کے 13 منٹ بعد طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا، سرچ ٹیم کو سمندر میں طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔
ڈیزازسٹر ایجنسی حکام نے سمندر میں موجود مسافروں کے اسمارٹ فون، کتابیں، بیگ اور دیگر اشیاء کی تصویریں شیئر کی ہیں۔
عالمی ایوی ایشن ٹریکنگ ویب سائٹ کےمطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ نیا تھا جو اگست میں ایئر لائن کے حوالے کیا گیا تھا۔