اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے آسیہ بی بی کیس کے فیصلے پر تنقید اور مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کو اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے جارحانہ اور پرتشدد قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک وزیراعظم نے اسٹینڈ لیا ہے، لیکن افسوس کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے ان پر تنقید ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو ناکافی شواہد کی بناء پر بری کردیا تھا، جس کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج شروع ہوا، جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ اس سے پہلے جب ایسے واقعات ہوتے تھے تو حکومت کی جانب سے خاموشی چھا جاتی تھی، لیکن عمران خان بہادری کے ساتھ آئے اور 22 کروڑ عوام کے سامنے حکومت کا موقف بتایا۔
انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بجائے اس کے کہ وزیراعظم کی تعریف کی جائے، آپ سیاست چمکا رہے ہیں۔