دبئی: پاکستان کلین سوئپ کی عادت پوری کرنے کیلیے بیتاب ہے تاہم کیویز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کودبئی میں کھیلا جائیگا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ آج رات 9 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔
پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
کیویز کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے مسلسل 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لیے تمام کھلاڑیوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ کیویز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیں گے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔