ماناما: قطر کے لیے جاسوسی کے مقدمے میں بحرین کی ایپلٹ کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شیخ علی سلمان سمیت حزب اختلاف کے تین رہنماؤں کوعمر قید کی سزا سنا دی۔
قطری خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق بحرین کی تین رکنی ایپلٹ کورٹ نے اپوزیشن جماعت الوفاق موومنٹ کے رہنما شیخ علی سلمان، شیخ حسن سلطان اور علی الاسود کو عمر قید کی سزا سنائی۔
پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق حکومت نے قطر سے تعلقات رکھنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جب کہ تین رکنی بینچ نے تینوں رہنماؤں کو ملک کے خلاف اقدامات کرنے پر سزا سنائی،سزا پانے والے تینوں اپوزیشن رہنما عمر قید کی سزا کے خلاف عدالت سے رجوع کا حق رکھتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شیخ علی سلمان ایک دوسرے مقدمے میں 4 سال قید کی سزا بھی کاٹ رہے ہیں۔