ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد شاہینوں کی نظریں ون ڈے سیریز پر لگ گئی، آج پہلا ون ڈے میچ ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
ابوظبی میں سرفراز احمد اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹرافی کی رونمائی کردی، اس موقع پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جیت کےتسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے ٹیم میں بہتری کی ضرورت ہے، کوشش کریں گے ٹیم کو وننگ سائیڈ میں تبدیل کریں۔
پاکستان 2011 سے نیوزی لینڈ کے خلاف کوئی ون ڈے سیریز نہیں جیت سکا، آخری بار گرین شرٹس نے 2014 میں نیوزی لینڈ کو ون ڈے میں ہرایا تھا۔
نیوزی لینڈ مسلسل 11 میچز جیت چکا ہے، سرفراز الیون ابوظبی ون ڈے جیت کر نیوزی لینڈ کی فتوحات کو بریک لگا سکتی ہے۔
گرین شرٹس نے سیریز تین صفر سے جیتی تو رینکنگ میں پانچویں سے چوتھی پوزیشن ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 47 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا تھا۔