ابوظہبی: نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی۔شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے 267 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستان ٹیم 48 ویں اوور میں 219 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور گرین شرٹس کو 47 رنز سے شکست ہوئی۔
نیوزی لینڈ کے 267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جوڑی کوئی کمال نہ کرسکی اور گرین شرٹ کی پہلی وکٹ فخر زمان کی گری جو ایک رنز بناکر ٹرینٹ بولڈ کا شکار بنے۔
ٹرینٹ بولڈ کی اگلی ہی گیند پر بابر اعظم سلپ پر روس ٹیلر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد نئے آنے والے محمد حفیظ بھی پہلی ہی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور ٹرینٹ بولڈ نے کیرئیر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔
شعیب ملک اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا تاہم 71 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 34 رنز بناکر فیروگسن کا شکار بنے۔
مجموعی اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جنہیں گرینڈ ہوم نے آؤٹ کیا جب کہ پاکستان کی چھٹی وکٹ 85 رنز پر گری اور شاداب خان 7 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے۔
کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم نے 103 رنز کی پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو واپس میچ میں لے آئے لیکن 188 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 64 رنز بناکر گرینڈ ہوم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
سرفراز کے بعد عماد وسیم بھی 50 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ حسن علی 16 اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے فیروگسن کا شکار بنے۔
کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ اور فیروگسن نے 3، 3 اور گرینڈ ہوم نے 2 جب کہ سودھی اور ساؤتھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔