اسلام آباد:ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مالاکنڈ اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، آج پہاڑوں پر ہلکی بارف باری بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ سردی اسکردو اور گوپس میں پڑی جہاں درجۂ حرارت منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم ابرآلود ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ملک کے بالائی علاقوں میں کہیں موسم ابرآلود ہے اورکہیں ہلکی برف باری ہو رہی ہے، دیامر کے علاقوں بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگا ٹاپ پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، ہنزہ، غذر اور استور میں موسم ابر آلود اور شدید سرد ہے۔سوات، لوئر دیر، اپر دیر سمیت خیبرپختون خوا کے بالائی علاقوں میں بھی بادل چھائے ہوئے ہیں۔
ضلع بدین کے تمام شہری و دیہی علاقےعلی الصبح شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، جس کی وجہ سے حدنگاہ متاثر ہوئی۔
پنجاب میں ملتان، میاں چنوں، وہاڑی، جہانیاں، چیچہ وطنی اور گجرات سمیت کئی شہروں میں اسموگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
بلوچستان کے بیشتر شہروں بھی موسم شدید سرد ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔