دبئی: تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان کے 280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری تھی اوربارش کے باعث میچ کوروک دیا گیا تھا تاہم اب میچ منسوخ کردیاگیاہے۔
کیوی ٹیم نے چھ عشاریہ پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنائے،ووکر 18 اور نکولس 12 رنز پر کھیل رہے ہیں جب کہ خطرناک اوپنر کولن منرو بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اس کے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دیا۔
فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا ،64 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری اور محمد حفیظ 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جس کے بعد فخر زمان 65 رنز بنا کرپولین لوٹے،تیسرےآئوٹ ہونے والے حارث سہیل تھےجنہوں نے60 رنز بنا ئے۔گرین شرٹس کو چوتھا نقصان شعیب ملک کی صورت میں ہوا جو آج بھی کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 18 رنز بنا سکے۔بابر اعظم 92 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئےجب کہ اننگز کے آخری اوور میں 3 قومی کھلاڑی آؤٹ ہوئے جن میں فہیم اشرف 5، آصف علی 9 اور حسن علی 2 رنز بنا سکے اور تینوں وکٹیں فرگوسن نے حاصل کیں۔گرین شرٹس مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنا سکی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔