بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے،چیئرمین نیب

لاہور: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے جب کہ نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کی زیرِ صدارت نیب لاہور آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کو پیراگون اور آشیانہ اقبال سمیت دیگر ریفرنسز پر بریفنگ دی گئی۔

زیرِ تفتیش کیسوں میں مطلوب افراد جلد وطن لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے پیراگون اسکینڈل میں نیب ٹیم کو مکمل تیاری کی ہدایت کی اور کہا کہ خواجہ برادران کی لی ہوئی حفاظتی ضمانت پر نیب اپنا بھرپور مؤقف دے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیس ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیرِ تفتیش کیسوں میں مطلوب افراد جلد وطن لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نیب نے کہا کہ اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں، نیب عوام کو ان کا حق دلائے گا۔

اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ خواجہ برادران کی قبل از گرفتاری ضمانت کی عدالت میں سماعت پر نیب ٹیم اپنا بھر پور موقف پیش کرے، نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹھرے میں لا کر ہی دم لیں گے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ عوام کے اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں نیب عوام کو ان کا حق دلائے گا جب کہ میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام پر پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔