آئی جی تبدیلی کیس؛ اعظم سواتی جے آئی ٹی کے سامنے پیش

اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے وفاقی وزیر اعظم سواتی سے پوچھ گچھ کی۔

وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی اعظم سواتی آئی جی اسلام آباد تبدیلی کیس میں نیب کے پرانے ہیڈ کوارٹرمیں جے آئی ٹی کے روبروپیش ہوئے جہاں انہوں بیان ریکارڈ کرایا اور پھر واپس روانہ ہوگئے۔

سپریم کورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کے حوالے سے جے آئی ٹی بنائی ہے جس کے سربراہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی ہیں، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو اعظم سواتی کے اثاثوں کی چھان بین کا بھی حکم دے رکھا ہے۔

اس سے قبل وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور اعظم سواتی کے صاحبزادے بھی بیان دے چکے ہیں جب کہ جے آئی ٹی کو 15 دن میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانا ہوگی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا فون اٹینڈ نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کوعہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔