امریکانے خاشقجی کےقتل میں ملوث 17 سعودیوں پرپابندی لگادی

واشنگٹن: امریکا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 17 سعودی شہریوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل تمام افراد زیرحراست ہیں۔
سعودی ڈپٹی انٹیلی جنس احمدالعسیری کانام بھی پابندی کی فہرست میں شامل ہے جن کو پہلے ہی عہدے سےہٹا دیا گیاہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منوچن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے یہ افراد ایک ایسے صحافی کو نشانہ بنانے اور بہیمانہ طور پر قتل کرنے میں ملوث ہیں، جو امریکا میں مقیم تھا اور یہاں کام کر رہا تھا۔ انہیں اپنے کیے کا خمیازہ بھگتنا چاہیے۔
یاد رہے کہ اکتوبرکی دو تاریخ کو ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ترک پولیس کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا کہ جمال خاشقجی کو سعودی سفارت خانے میں قتل کر دیا گیا ہے تاہم سعودی حکام کی جانب سے پہلے تو اس الزام کی سختی سے تردید کی گئی تاہم بعد ازاں سعودی حکام نے جمال خاشقجی کے قتل کی تصدیق کر دی۔