سپريم کورٹ کا کراچی سرکلر ريلوے فوری بحال کرنے کا حکم

کراچی: سپريم کورٹ نے کراچی سرکلر ريلوے فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ کراچی رجسٹری ميں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی ميں اہم اجلاس ہوا جس میں حکم دیا گیا کہ کراچی بھر ميں ريلوے کی زمينوں سے قبضہ چھڑانے اور کراچی سرکلر ریلوے کو فوری بحال کیا جائے۔
اجلاس میں ڈی ایس پی ریلوے نے بتایا کہ بيشتر علاقوں ميں ريلوے کی زمينوں پر قبضہ ہے جس پر سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز کے ذريعے تمام علاقوں سے ريلوے لائنز کليئر کرائی جائیں۔
رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے کے ايم سی اور ضلعی انتظاميہ کی مدد سے بوگياں تيار کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظاميہ ريلوے کی مدد سے روٹ کا تعين کرے گی جبکہ اعلٰی عدالت نے سیاحتی مقاصد کیلئے صدر سے اولڈ سٹی ایریا تک ٹرام لائن کی بحالی کا بھی حکم ديا۔
سپریم کورٹ نے واضح حکم دیا کہ کہ کراچی ميں کوئی تجاوزات نظر نہ آئے اور تجاوزات کيخلاف آپريشن پورے شہر ميں تيز کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے ايف ٹی سی پُل کے نيچے تعمير کی گئی دکانيں گرانے اور شارع فيصل، راشد منہاس روڈ پر ہر طرح کی تجاوزات ختم کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے تمام کنٹونمنٹ بورڈز اور ڈی ايچ اےکو بھی تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا۔