راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ عوام خاص طور پر نوجوانوں کو منفی اور جارحانہ پروپیگنڈے سے آگاہ رہنا ہوگا،اب ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے، ہمیں بے بہا قربانیوں کے بعد اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہاکہ پاکستان کو 2 دہائیوں میں مختلف قسم کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پاکستانی قوم اور فورسز نے بڑی بہادری اور کامیابی سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے ان خطرات کو مؤثر انداز سے شکست دی، صورتحال کا رخ مذہبی، فرقہ وارانہ، لسانی اور سماجی بغاوت کی طرف ہورہا ہے لہٰذا اس معاملے پر مشترکہ قومی جواب کی ضرورت ہے۔