غذر: موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب گئے ہیں، حکمرانوں کو عوامی مسائل اور انہیں حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں کیوں کہ ان کی منزل اقتدار حاصل کرنا تھی۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قومی غیرت کا درس دینے والے قرضوں کیلئے ملکوں ملکوں پھر رہے ہیں، یہ عوام کی سیاست نہیں کرتے، وعدے کرکے یوٹرن لے لیتے ہیں، ان کی سیاست ان ہی سے شروع اور ان ہی پر ختم ہوجاتی ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دیے، اصلاحات کرکے بااختیار بنایا، گندم پر سبسڈی دی، ایف سی اور مالیاتی نظام سے نجات دلا کر غلامی سے نجات دلائی۔