پاکپتن: صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن کے ایک پولیس انسپکٹر کے خاتون کے ساتھ رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ حکام نے نوٹس لے لیا اور انسپکٹر کو معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز کردیا گیا۔
ضلع پاکپتن کے تھانہ کلیانہ میں بحیثیت ایس ایچ او تعینات پنجاب پولیس کے انسپکٹر ارشد کی دو ویڈیو زسوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
پہلی ویڈیو میں وہ ہندی فلموں کے ولن بنے نظر آئے، جو بالی وڈ اداکار اجے دیوگن کے اسٹائل میں کہتے ہیں،دو وقت کی روٹی کماتا ہوں، نماز پڑھتا ہوں، اس سے زیادہ میری ضرورت نہیں اور مجھے خریدنے کی تمہاری اوقات نہیں۔
دوسری ویڈیو میں موصوف ایک خاتون کے ساتھ بھارتی فلم کے ایک گانے پر کسی منجھے ہوئے ڈانسر کی طرح رقص کرتے نظر آئے۔
جب یہ معاملہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) پاکپتن ماریہ محمود کے نوٹس میں آیا تو انہوں نے انسپکٹر ارشد کو نہ صرف معطل کیا بلکہ ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کا بھی آغاز کردیا گیا۔