اگر ہندوستان ایک قدم آگے بڑھائے گا تو ہم دو قدم بڑھائیں گے،عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ہم ماضی کی زنجیریں نہیں توڑیں گے، آگے نہیں بڑھ سکیں گے،اگر ہندوستان ایک قدم آگے بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔
کرتار پور راہداری کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام سکھ برادری کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ہر چہرے پر خوشی دیکھ رہا ہوں، اگلے سال جب سکھ برادری بابا گرونانک کے جنم دن پر یہاں آئیں گے تو انہیں تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی اور یہ کرتارپور انہیں بہتر انداز میں ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا کیوں کہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، جب فرانس اور جرمنی کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں تو ہمارے کیوں نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام سول وعسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں اور ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاہم ہمارا مسئلہ ایک ہے جو کشمیر ہے، آج کے دور میں انسان چاند پر پہنچ گیا ہے تو کیا ہم اپنا ایک مسئلہ نہیں حل کرسکتے، صرف ارادے کی ضرورت ہے، جس سے ہم اس مسئلے کو بھی حل کرسکتے ہیں۔