واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے جی ٹوئنٹی اجلاس کے دوران پہلے سے طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی۔جی ٹوئنٹی اجلاس 30 نومبر سے یکم دسمبر تک ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں ہو رہا ہے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ملاقات ہونی تھی۔امریکی صدر نے اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہونے سے قبل روسی صدر سے ملاقات کا کہا لیکن پھر انہوں نے اچانک ہی ملاقات منسوخ کر دی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ٹرمپ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے بحری جہاز اور عملے کی واپسی نہ ہونے کی اطلاعات پر روسی صدر کے ساتھ پہلے سے طے شدہ ملاقات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ روس اور یوکرین کا معاملہ حل ہوتے ہی ارجنٹائن میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ دوبارہ بامعنی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے اور گزشتہ دنوں روس نے کریمیا کے قریب سمندر میں موجود یوکرین کے تین بحری جنگی جہاز پکڑ لیے تھے۔یوکرین کے 3 بحری جہاز قبضےمیں لینے پر روس کو مختلف ممالک کی مذمت کاسامنا ہے۔