بہاولپور: پاکستانی بلائنڈ کرکٹر مجیب الرحمان شامی سوشل میڈیا کے ذریعے دوست بننے والی امریکی نابینا لڑکی برٹنی مونٹگمری کے ساتھ بہاولپور میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
مجیب الرحمان اور برٹنی کی دوستی 2 سال قبل فیس بک کے ذریعے ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ برٹنی نے مجیب الرحمان سے دوستی کے بعد 2016 میں اسلام قبول کرلیا تھا۔
وہ 28 نومبر کو امریکا سے بہاولپور پہنچیں اور اگلے ہی روز دونوں نے شادی کرلی۔مجیب الرحمان جزوی طور پر نابینا ہیں جبکہ برٹنی مکمل طور پر بصارت سے محروم ہیں۔
بہاولپور بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلنے والے فاسٹ بولر مجیب الرحمان اپنی ٹیم کو کئی میچز جتوا چکے ہیں۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی مجیب الرحمان اور برٹنی کے لیے زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔