کراچی: صوبہ سندھ کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و جذے سے منایا جارہا ہے اور اس حوالے سے مختلف تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔
سندھی ثقافت کے موقع پر مختلف شہروں میں تقاریب اور میلوں میں خواتین، نوجوان، بچے، بوڑھے سب سندھی اجرک ٹوپی پہنے بھرپور انداز میں شریک ہوئے اور انہوں نے علاقائی گیتوں پر رقص بھی کیا۔
سندھی ثقافت کی سب سے مقبول چیز سندھی ٹوپی اور اجرک ہے، اور آج یہی نمایاں ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، میرپور خاص، مٹیاری، دادو، نوابشاہ، لاڑکانہ، جیکب آباد اور پڈعیدن سمیت دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
ٹنڈو محمد خان میں شہری اتحاد کی سندھی ثقافت ڈے پر اسٹیشن روڈ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں کے ساتھ بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کندھ کوٹ میں سندھی ثقافت دن کی مناسبت سے مختلف سیاسی و سماجی تنظمیوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور ایک ریلی گھنٹہ گھر چوک سے پریس کلب تک بھی نکالی گئی۔
تھرپارکر میں راجپوت سوڈھا برادری کی جانب سے سندھی ثقافت کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء نے سر پر قدیم روایتی راجپوتی پگڑیاں بھی پہن رکھی تھیں۔ اور وہ تلواروں کے ساتھ روایتی رقص کر کے جشن مناتے رہے۔
جیکب آباد میں ڈی سی چوک سے لے کر پریس کلب تک مرکزی ریلی نکالی گئی جب کہ مبارکپور اور گڑھی خیرو میں بھی جشن کا سماں ہے۔
کراچی میں بھی پاکستان تحریک انصاف پارٹی کی جانب سے سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جو انصاف ہاؤس سے گورنر ہاؤس پر اختتام پزیر ہوئی، ریلی کی قیادت پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کی۔