دوحا: قطر نے آئل کی پیداوار کرنے والے 15 ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز(اوپیک) سے نکلنے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر یکم جنوری 2019 سے اوپیک کی رکنیت سے دست بردار ہوجائے گا، آئندہ برس سے قطر تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم OPEC کا رکن نہیں رہے گا۔ یوں لگ بھگ 60 سال بعد قطر اور اوپیک کے راستے جدا ہوجائیں گے۔
اوپیک سے انخلاء کے حوالے سے پالیسی بیان دیتے ہوئے توانائی کے وزیر برائے خلیجی ممالک سعد الکابی نے کہا کہ قطر اب قدرتی گیس کی پیدوار پر توجہ مرکوز رکھے گا۔ ہمارا ہدف قدرتی گیس کی پیداوار کو 77 ملین ٹن سے 110 ملین ٹن سالانہ تک لے جانا ہے۔
سعد الکابی کا کہنا ہے کہ اوپیک سے دستبرداری کا فیصلہ قطر پر سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے عائد کی گئی سفارتی پابندیوں کا ردعمل نہیں۔ قطر توانائی کے دیگر ذرائع کو بھی استعمال کرے گا۔
واضح رہے کہ پٹرول برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم کا قیام 1960 میں عمل آیا تھا اور قطر نے اس تنظیم میں اگلے ہی برس شمولیت اختیار کرلی تھی۔ اوپیک دنیا کی 60 فیصد پٹرول کی ضرورت کو پورا کرتی ہے جس میں قطر کا حصہ 2 فیصد ہے۔