اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی اسلام آباد پہنچے، دورہ پاکستان کے دوران زلمے خلیل زاد اعلیٰ ترین سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ جس میں وہ طالبان سے امریکی مذاکرات پر سیاسی وعسکری قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔
زلمے خلیل زاد کا گزشتہ 2 ماہ کے دوران پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ زلمے خلیل زاد کا دورہ گزشتہ ماہ طے تھا جو ناگزیر وجوہات پر ملتوی کیا گیا تھا۔
امریکی نمائندہ خصوصی پاکستان سمیت 8 ممالک کا دورہ کررہے ہیں جس کے دوران وہ افغانستان، روس، ازبکستان، ترکمانستان، بیلجیم، متحدہ عرب امارات اور قطر جائیں گے۔