اسلام آباد:پاکستان کے صرف 27 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی موجودہ وفاقی حکومت 100 دن کے پلان پر عمل درآمد میں کامیاب رہی جبکہ 23 فیصد افراد کی رائے ہے کہ وفاقی حکومت اپنے 100 روزہ پلان پر عمل درآمد میں مکمل ناکام رہی ۔
وفاقی حکومت کے 100 دن کی کارکردگی پر انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کے ادارے تحت کیے گئے سروے میں عوام نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
یہ سروے چاروں صوبوں کے منتخب 2041 بالغ رہائشیوں کی رائے پر مبنی ہے۔یہ سروے 29 نومبر سے یکم دسمبر کے دوران کمپیوٹر اسسٹنٹ ٹیلی فونک انٹرویوز کی مدد سے کیا گیا۔
وفاقی حکومت کی 100 دن کی کارکردگی سے متعلق 30 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ ابھی اس بارے میں کوئی تبصرہ کرنا انتہائی قبل از وقت ہے۔
سروے کے مطابق مجموعی طور پر پی ٹی آئی کی حکومت سے مطمئن افراد کی شرح 47 فیصد رہی جب کہ صوبائی سطح پر دیکھا جائے تو خیبر پختونخوا کے 51 فیصد افراد اور پنجاب حکومت کی کارکردگی سے 43 فیصد لوگ مطمئن نظر آئے۔