ابوظہبی: نیوزی لینڈ نے ابوظہبی ٹیسٹ کے پانچویں روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی جس کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف ملا ہے۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ اور دوسرا پاکستان نے جیتا تھا۔
دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی جانب سے نہ صرف پاکستان کی 73 رنز کی لیڈ ختم کردی گئی بلکہ پاکستان کو 280 رنز کا ہدف بھی دے دیا گیا ۔ نیوزی لینڈ نے میچ کے پانچویں روز سات وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی۔ کیوی کپتان کین ولیمسن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 139 رنز بنائے جبکہ ہنری نکولس نے 126 رنز بنا کر پاکستانی باؤلرز کو خوب ٹف ٹائم دیا۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی یاسر شاہ نے خوب جادو دکھایا اور کیویز کے 4 کھلاڑیوں کو گھر کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ آج میچ کا پانچواں اور آخری دن ہے۔