کراچی: پولیس نے صرف خواتین کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔کراچی میں صرف خواتین کو اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بنانے والے ڈاکوؤں کے تین رکنی گروہ کو فیروز آباد پولیس نے مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا جن میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران ملزمان کی گرفتاری اور وارداتوں کی تفصیلات بتائیں اور اس دوران ملزمان کی وارداتوں کا نشانہ بننے والی خواتین اور شہریوں کو بھی بلوایا گیا تھا۔
ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 70 سے زائد خواتین سے لوٹے گئے پرس، بیگز، نقد رقم اور زیورات برآمد ہوئے ہیں۔
پریس کانفرنس میں آنے والی خواتین اور شہریوں کو ان سے لوٹا گیا بیشتر سامان واپس کیا گیا۔ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان کی گرفتاری پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 میں فیروز آباد پولیس سے مقابلے میں عمل میں آئی۔
ایس ایچ او فیروزآباد اورنگزیب خٹک کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان کا ایک ساتھی زخمی بھی ہوا۔ایس پی جمشید کوارٹر شمائل ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ ان ملزمان کا گروہ چار رکنی تھا جو گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران 200 خواتین کو لوٹ چکا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے ہاتھوں یہ شہری پی ای سی ایچ ایس، ٹیپو سلطان، نرسری، گلشن اقبال، بہادر آباد،کلفٹن اور دیگرعلاقوں میں وارداتوں کا نشانہ بنے۔
ملزمان کا ایک ساتھی ڈیڑھ ماہ قبل بہادر آباد میں پولیس مقابلے میں زخمی ہو کر گرفتار ہوچکا ہے جو اب جیل میں ہے۔ملزمان اس سے قبل بھی ڈکیتی چوری اور قتل کے مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں۔