واشنگٹن : امریکا نے شام سے اپنی فوج واپس بلانے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے شام میں داعش کو شکست دے دی جب کہ امریکی فوجیوں نے ہمارے ملک کا نام روشن کیا، یہ ہمارے ملک کا فخر ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ شام میں لڑنے والے فوجی ہمارے ہیروز ہیں اور وہ جلد ہمارے ساتھ ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شام میں امریکی فوج نے داعش کو بری طرح شکست سے دوچار کیا اور تاریخی فتح حاصل کی تاہم اب شام سے ہمارے فوجی واپس آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش کو شکست میرے دور حکومت میں ممکن ہو سکی۔
یاد رہے کہ 2014 میں امریکی صدر باراک اوباما نے پہلی مرتبہ داعش کے خلاف شام میں فضائی آپریشن شروع کیا اور 2015 کے اواخر میں اپنے 50 فوجی بھیج کر شامی خانہ جنگی میں باضابطہ طور پر حصہ لیا۔
امریکی فوجی داعش کے خلاف لڑنے کے لیے شامی کردش ملیشیا اور جنگجوؤں کو تربیت دیتے اور آخری وقت تک داعش کے خلاف لڑنے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 2000 تھی۔