لاہور: کرکٹ کے لٹل ماسٹر حنیف محمد کا 84واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے، گوگل نے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل حنیف محمد کی تصویر سے مزین کردیا۔
حنیف محمد کو دنیائے کرکٹ کے ٹیسٹ میچوں میں سب سے طویل اننگ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے جو 1957ء اور 1958ء کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف 970 منٹ طویل تھی۔
حنیف محمد 21 دسمبر 1934ء کو غیرمنقسم ہندوستان کی ریاست جونا گڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔ اپنے عروج کے دور میں انہیں دنیا کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کا اعزاز حاصل رہا۔ اپنے 17 سالہ کیریئر میں انہوں نے 55 ٹیسٹ میچ کھیلے اور ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی کا سہرا بھی انہی کے سر ہے اسی بنا پر انہیں لِٹل ماسٹر کہا جاتا ہے۔
آج لٹل ماسٹر حنیف محمد کی 84 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور انہیں مداحوں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
گوگل کی طرف سے پاکستانی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں اس سے قبل بھی ڈوڈل جاری ہوچکے ہیں۔ ان شخصیات میں ملالہ یوسف زئی، نازیہ حسن، عبدالستار ایدھی، فاطمہ ثریا بجیا اور نصرت فتح علی خان وغیرہ شامل ہیں۔
سابق کپتان حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11 اگست 2016 کو 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، لیکن کرکٹ کے میدان میں ان کی لازوال خدمات آج بھی مداحوں کے دلوں میں نقش ہیں۔