اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑے ڈاکو سے پیسہ پکڑیں گے وہ تعلیم پر خرچ کیا جائے گا، ملک کی معاشی صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کے انتظامات مکمل کرلیے۔ یونیورسٹی کو اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی کا نام دیا جائے گا۔
یونیورسٹی کی لانچنگ کانفرنس ’ایمرجنگ چیلنجز فار پاکستان‘ سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی گورنر ہاؤسز اور حکمرانوں کے بڑے گھر دیکھے، برطانیہ میں حکمرانوں کی رہائش دیکھ کر میرے ذہن میں تبدیلی آئی۔ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں سادہ سی عمارت میں ٹونی بلیئر کا گھر تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب آزادی ملی تو تعلیم کے شعبے پر کسی نے توجہ نہیں دی، وزیر اعظم ہاؤس جیسے بڑے گھر غلامی کے دور کی نشانیاں ہیں جنہیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔ نوجوان طبقہ ٹیکس کے پیسے کے غلط استعمال پر آواز اٹھائے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو باشعور بنا رہے ہیں، مدینہ کی ریاست میں حکمرانوں نے پیسہ اپنی ذات پر خرچ نہیں کیا۔ ہمارے حکمران عالیشان محل میں رہتے ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا مقصد حکمران اور عوام میں فاصلہ کم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس بڑے ڈاکو سے پیسہ پکڑیں گے وہ تعلیم پر خرچ کیا جائے گا، ملک کی معاشی صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔