بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی : کوچ مکی آرتھر پھٹ پڑے

کراچی: سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کوچ مکی آرتھر سینئرز پر پھٹ پڑے۔
سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرجذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر بیٹسمینوں سے شدید جھڑپ ہوئی جس کے بعد معاملہ گالی گلوچ تک پہنچ گیا۔
مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کر دیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دیں۔
ذرائع کے مطابق دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جب ٹیم ڈریسنگ روم میں آئی تو مکی آرتھر نے سرفراز احمد، اسد شفیق اور اظہر علی کو ناکامی کا ذمے دار قرار دے کر کھری کھری سنا دیں، اس دوران کھلاڑیوں کی جانب سے بھی جوابی ردعمل دیکھنے میں آیا۔
ذرائع کا کہنا کہ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ جان بوجھ کر غلط شاٹس کھیل کر آوٹ ہوئے ہیں، کھلاڑیوں نے اپنی غلطی مان لی لیکن مکی آرتھر اخلاقی حدود عبور کر کے گالی گلوچ پر اتر آئے اور انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر کی کھلاڑیوں کے ساتھ لڑائی کی کہانیاں پرانی ہیں، اس سے قبل وہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی جھگڑا کر کے کوچنگ سے محروم ہو چکے ہیں۔