علی رضا عابدی قتل کیس میں پیشرفت، ایئر پورٹ سے 1شخص گرفتار

کراچی: وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ ایم کیو ایم کے مقتول رہنما علی رضا عابدی کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے مقتول کے والد سید اخلاق عابدی سے تعزیت کے بعد مقتول کے قتل کی اب تک کی تفتیش سےآگاہ کیااوراس سلسلے میں کراچی ایئر پورٹ سے اہم شخص کے گرفتاری کابتایا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی ایئر پورٹ سے اہم گرفتاری ہوئی ہے، علی رضا عابدی تو واپس نہیں آ سکتے لیکن ظالم کو سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے علی رضا عابدی کے والد سے کہا کہ آپ اطمینان رکھیں، ہم قاتل کو گرفتار کریں گے اور میں اس شہر میں کسی کو بھی امن خراب کرنے نہیں دوں گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سے گرفتار شخص کی نشاندہی پر گلستان جوہر میں کارروائی کی گئی جہاں واقعے میں ملوث 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی جیو فینسنگ مکمل کر لی گئی ہے، علی رضاعابدی اور پی ایس پی کارکنان کے قتل میں ایک گروہ ملوث ہوسکتا ہے۔