کراچی میں سال نو پر شراب ذخیرہ کرنے والوں کا دھندہ چمک اٹھا

کراچی:کراچی میں سال نو کے موقع پرغیرملکی شراب کے ڈیلروں کا غیرقانونی دھندہ چمک اٹھا ہے۔ ان ڈیلروں نے حالیہ دنوں میں کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی شراب اسٹور کر لی تھی۔ یہ شراب مختلف ممالک کے قونصل خانوں سے کثیر مقدار میں خریدی گئی۔

کراچی میں غیرملکی شراب کا سب سے بڑاڈیلر شہباز 10سال سے پولیس کی سرپرستی میںاپنا دھندہ کررہا ہے، ان غیرملکی شراب ڈیلرزنے خیابان شہباز ڈیفنس میں کاروباری سیٹ اپ لگایا ہوا ہے جہاں 30کے قریب رائیڈرز ہوم ڈلیوری کاکام کرتے ہیں، سال نو پر پوش علاقوں میں منعقدہ پارٹیوں کے آرگنائزرز نے شہباز کے پاس پیشگی بکنگ کروالی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈیفنس اور کلفٹن کے 6تھانوں کے انچارجزاور ڈی ایس پیز کو شہبازسرپرستی کےعوض لاکھوں روپے ماہانہ بھتہ دیتا ہے۔زرائع کے مطابق بلوچستان کے راستوں سے اسمگل ہوکر آنے والی غیرملکی شراب کی سب سے بڑی کھیپ شہباز کےگوداموں میں رکھی جاتی ہے۔

شہباز نے ڈیفنس فیزiiاورفیزivمسلم کمرشل اور سحر کمرشل کے فلیٹس میں شراب کے گودام بنائے ہوئے ہیں، سابق ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان نے جب شہباز کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا تو وہ ملک سے فرار ہوگیا تھا۔اب اس نے دوبارہ اپنا کاروبار شروع کردیا ہے۔

پولیس کی جانب سے شراب کیخلاف صرف نمائشی آپریشن کئے جاتے ہیں جبکہ مغرب کے وقت سے شروع ہونے والی شراب کی ڈلیوری رات 2بجے تک جاری رہتی ہے۔