مختلف اداروں کے سربراہان کی تقرری کی منظوری بھی دیے جانے کا امکان ہے۔فائل فوٹو
مختلف اداروں کے سربراہان کی تقرری کی منظوری بھی دیے جانے کا امکان ہے۔

پی پی رہنمائوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے پرحکومت تیار

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں کسی قسم کا کوئی غیرجمہوری اقدام نہیں کرے گی،وزیراعظم نے فاٹا کےانضمام شدہ علاقوں کے پانچ لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی جنوری کے آخرتک شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیروترقی اوران علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابرلانا اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے فاٹا کی تعمیروترقی اوردیگراعلی سطح اجلاسوں کی صدارات کرتے ہوئے کیا۔

فاٹا کے حوالے سےاجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلی محمود خان ، وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب، معاون خصوصی افتخار درانی صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم خان اور افسران شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی کابینہ ہرماہ ترقیاتی کاموں اور اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لے گی۔

انضمام شدہ علاقوں میں لوکل گورنمنٹ کے نظام کے جلد از جلد نفاذ کےلیے کوششیں تیز، تعلیم، صحت اور پولیس کے محکموں کی خالی اسامیوں کو پر کرنے اور بھرتیوں کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

دریں اثناوزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کاجائزہ لیا لیا گیا،‏اجلاس سےقبل وزیراعظم سےوزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی نظام کےبارے میں قانون سازی پربھی مشاورت ہوئی۔،ذرائع کے مطابق ایک اوراجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر دفاع پرویزخٹک، وزیراطلاعات فواد چوہدری، نعیم الحق،مراد سعید، وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی،اٹارنی جنرل و دیگرشریک تھے۔

اجلاس میں جعلی بینک اکائونٹس کیس میں عدالت عظمیٰ کے ریمارکس پر غورکیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے سخت ریمارکس کے بعد ہی وزیراطلاعات نے دورہ کراچی ملتوی کیا۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے تیار ہو گئی ہے اس سلسلے میں 10جنوری بروز جمعرات کو اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔