مشتعل جنونی ہندو نوجوان ہاتھوں میں چھریاں لئے ہوئے ہیں۔فائل فوٹو
مشتعل جنونی ہندو نوجوان ہاتھوں میں چھریاں لئے ہوئے ہیں۔فائل فوٹو

بھارت ۔ گائے چوری کے الزام میں ایک اورمسلمان قتل

پٹنہ: بھارت میں انتہا پسند ہندئوں نے گائے چوری کے الزام میں ایک اور مسلمان کو موت کے گھاٹ اتاردیا

نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی ریاست بہارمیں مشتعل ہجوم نے گائے چوری کے جھوٹے الزام میں 60 سالہ شیخ قابل میاں نامی شخص کو لاٹھیاں مار مار کرموت کی نیند سلادیا۔

جنونی ہندوؤں کے ہاتھوں مسلمان کے قتل کا واقعہ 30 دسمبر کو پیش آیا تھا تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی اور معاملے کو دبا دیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ خبر میڈیا پر آئی۔

میڈیا میں خبرآنے پرحکمرانوں کے کان پرجوں رینگی اور نیند سے بیدار ہوئے۔ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والے شخص کو گائے چوری کرنے کے الزام میں رنگے ہاتھوں پکڑ کر دیہاتیوں نے لاٹھیاں مار کر قتل کیا۔

پولیس نے وائرل ہونے والی ویڈیو میں تشدد کرنے والے دیہاتیوں کے چہرے صاف طور پر نظر آنے کے باوجود نامعلوم افراد کے نام ایف آر آئی کا اندراج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی سپریم کورٹ نے مشتعل ہجوم کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سخت سے سخت سزا کے لیے پارلیمان کو قانون سازی کا حکم دیا تھا تاہم یہ معاملہ تاحال سست روی کا شکار ہے۔