دبئی : متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لئے مالیاتی پیکج کوحتمی شکل دے دی، جس کے تحت یو اے ای پاکستان کو تین ارب ڈالر فراہمی کے ساتھ ساتھ 3ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل موخرادائیگیوں پر دے گا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لئے مالیاتی پیکج حتمی شکل دے دی ، مالیاتی پیکج کا حتمی اعلان یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زیاد النہیان کے دورے میں ہوگا، اماراتی ولی عہد چھ جنوری کو پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔
یو اے ای پاکستان کو تین ارب ڈالر فراہمی کے ساتھ ساتھ 3ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل موخرادائیگیوں پر دے گا۔
یو اے ای کے پیکج کا حجم اور شرائط سعودی پیکج کی طرح ہی ہیں، دونوں ممالک کی جانب سے موخر ادائیگیوں کی سہولت سے پاکستان کو سات ارب نوے کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی، پاکستان سالانہ بارہ سے تیرہ ارب ڈالر کا خام تیل منگواتا ہے، ملکی تجارتی خسارے میں نمایاں کمی ہوگی۔
یاد رہے 15 روز قبل متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکلنے کے لیے بیل آؤٹ پیکج دینے کا اعلان کیا تھا۔
ابوظہبی فنڈ فارڈیویلپمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا تھا کہ مشکل وقت میں فراخدلی سے پاکستان کی مدد پر یواے ای کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔