کیپ ٹاؤن:جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے 177 رنز کے جواب میں 431 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ہے اور 254 رنز کی برتری حاصل کرلی جس کے بعد ان کی پوزیشن میچ پر مضبوط ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان فاف ڈوپلیسز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ اوپننگ پر آئے مرکرام نے 78 رنز بنائے اور پاکستانی باولرز کا بھرکس نکال دیا ۔ان کے علاوہ باواما نے 75 اور ڈی کاک نے 59 رنز کی اننگ کھیل کرٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی ۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 33 اوورز میں 88 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 27 اوورز میں 123 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ ان کے علاوہ محمد عباس اور شان مسعود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پاکستان کی پوری ٹیم کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکی صرف سرفراز احمد نصف سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے اورا ن کے علاوہ شان مسعود نے 44 رنز کی اننگ کھیلی ۔