کراچی: چڑیا گھر کے اطراف تجاوزات کیخلاف آپریشن میں 400سے زائد دکانیں اور دفاتر مسمار کردیئے گئے۔
حکام کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں چڑيا گھر کے اطراف 2 روز تک جاری رہنے والی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔ علاقے سے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔
یاد رہے کہ گارڈن کے علاقے میں تجاوزات کیخلاف آپریشن گزشتہ روز شروع کیا گیا تھا۔
چڑیا گھر کے اطراف میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے کی گئی کارروائی میں بھاری مشینری کے ساتھ 400 سے زائد افرادی قوت نے حصہ لیا ۔
ذرائع کے مطابق یہ آپریشن 2 روز تک جاری رہنے کے بعد اب اختتام پذیر ہوچکا ہے ، آپریشن میں 450 دکانیں اور دفاتر گرائے گئے ۔
گزشتہ روز دکانداروں نے کارروائی کے خلاف احتجاج کیا تھا جس کے بعد آج قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی موقع پر موجود ہیں۔
میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ میئر کراچی نے دکانداروں کو متبادل دکانین دینے کا یقین دلایا ہے، ملبہ ہٹانے کے بعد چڑیا گھر کی دیوار اور فٹ پاتھ کو تعمیرکیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کےدوران ٹريفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، انتظامیہ کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام 2دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔