برازیل کے معروف فٹ بالرز کاکا نے وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا ہے،کا کا ایک روزہ دورے پرآج پاکستان پہنچیں گے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان آنے والے معروف انٹرنیشنل فٹبالرز سے ملاقات کی خواہش پوری نہ ہوسکے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم جمعرات کو پاکستان کے ایک روزہ دورے پر آنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز برازیل کے کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو سے اسلام آباد میں ملاقات کے خواہاں تھے۔
کاکا نے وقت کی کمی کے سبب اپنے مصروف ترین شیڈول سے ہٹ کر وزیر اعظم سے ملاقات سے معذرت کرلی۔دوسری جانب لوئس فیگو کی عمران خان سےملاقات کرانے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن اس کا امکان معدوم ہے۔
ٹچ اسکائی گروپ کے سربراہ برطانوی نژاد پاکستانی احمر کنور کی خصوصی دعوت پر دونوں فٹبالرز جمعرات کو ایک روزہ دورے پر آرہے ہیں۔ شیڈول کے مطابق دونوں فٹبالرز کی دبئی سے نجی طیارہ کے زریعہ دوپہر 12 بجے کراچی آمد طے ہے۔
کاکا اور لوئس کو سخت ترین خصوصی حفاظتی انتظامات میں کراچی کے ایئر پورٹ کے اولڈ ٹرمینل سے مقامی فائیو اسٹار پہنچایا جائے گا، دورے کے اختتام پر وہ رات کو اپنے نجی جیٹ طیارہ سے واپس دبئی روانہ ہو جائیں گے۔
فیگو اور کا کا نے کراچی کے باسیوں کے نام ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سلام کراچی، تیار ہوجائو، فیگواور کاکا کل آپ سے ملنے آپ کے شہرآرہے ہیں۔