کراچی:وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو پیغام دیا ہے کہ وہ صوبے کے غریب افراد کے لیے کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے لیے ہائوسنگ اسکیم شروع کرے اس کے لئےخصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔
وفاقی حکومت کا یہ پیغام چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے ہائوسنگ ضیغم رضوی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ ہائوس میں دیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیربلدیات سعید غنی، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیرمرتضیٰ وہاب نے بھی شرکت کی ۔ ضیغم نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت ہائوسنگ پرایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے اور کم لاگت کے گھر تعمیر کیے جائیں اور یہ اپنے ذرائع سے کیا جائے اورانہیں صوبے کے غریب لوگوں کوآسان اقساط میں دیا جائے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یہ بھی بتایا کہ وفاقی حکومت گھروں کی تعمیر میں صوبائی حکومت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کرے گی۔صوبائی حکومت کم لاگت گھروں کی اسکیم کوجوچاہے نام دے،وفاقی حکومت کواس سے کوئی غرض نہیں۔
ضیغم نے کہا کہ وفاقی حکومت کا مفاد صرف یہ ہے کہ سندھ حکومت اپنے ذرائع سے اسکیم کا آغاز کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ کم لاگت کی ہائوسنگ اسکیم کا معاملہ کابینہ کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں رکھیں گے اور کابینہ میں اس پر غور کیا جائے گا،اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا اوروفاقی حکومت کو آگاہ کردیاجائے گا۔