کراچی کے مختلف علاقوں میں آج اور کل بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کے مطابق مغرب کی جانب سے ہواؤں کا نیا سلسلہ جمعرات کو رات گئے پاکستان میں داخل ہوا، جس کے تحت جمعہ اور ہفتے کوکراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بوندا باندی سے شہر کا درجہ حرارت گرنے جبکہ سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ مغربی بارش کے سسٹم کی شہر کی فضاؤں سے اخراج کے بعد سرد ہواؤں کا سلسلہ چلنے کا بھی امکان ہے، مختصر دورانیے پر مشتمل سردی کی لہر 2 سے 4 روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ویدر ایڈوائزری کے مطابق مغرب سے داخل ہونے والا سسٹم ملک کے مختلف علاقوں میں پھیل جائے گا، جس کے زیر اثر اندرون سندھ کے مختلف اضلاع جبکہ،کوئٹہ ، ڑوباور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش ہونے کی توقع ہے، مغربی سسٹم کی وجہ سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔