وفاقی دارالحکومت میں رواں برس موسمی انفلوئنزا(سوائن فلو)کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔
اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں داخل 29سالہ سید سلمان فہد میں موسمی انفلوئنزا(ایچ ون این ون) وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق مریض کی حالت تشویشناک ہے اور سانس لینے میں دشواری کے سبب اسے انتہائی نگہداشت کےو ارڈ میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
مریض کو دیگر مریضوں سے الگ رکھا گیا ہے اور مریض کے لواحقین کو بھی مریض کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق نجی ہسپتال کی لیبارٹری میں بھجوائے گئے خون کے نمونے کے تجزیے سے ثابت ہوا ہے کہ سلمان فہد موسمی انفلوئنزا سے متاثر ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسم میں سوائن فلو کے حوالے سے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔کھانسی، زکام، بخار اور جسم میں درد کی صورت میں ڈاکٹر سے چیک اپ ضرور کروایا جائے، متاثرہ افراد ماسک کا استعمال کریں، چھینکنے اور تھوکنے میں احتیاط کریں۔یاد رہے گزشتہ برس سوائن فلو سے ملک بھرمیں درجنوں افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے سوائن فلو کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، خصوصاً جنوبی پنجاب میں گزشتہ برسوں کے دوران اس کے سب سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں۔ انفلوئنزا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں بچے، بزرگ افراد اور حاملہ خواتین ہو رہی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور این آئی ایچ نے انفلوئنزا ٹائپ اے (ایچ ون این ون) کو 2010میں موسمی فلُو قرار دیا تھا، جبکہ اس سے قبل اسے سوائن فلو کہا جاتا تھا۔ ملک بھر میں این آئی ایچ کی 7 لیبارٹریاں مفت ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ یہ مراکز اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، گلگت اور مظفرآباد قائم ہیںَ۔