آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھارت کو 34 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے، روہت شرما کی شاندار سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔ پیٹر ہینڈزکومب نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور عثمان خواجہ نے 59 رنز بنائے جبکہ ایلکس کیری نے 24، ایرون فنچ نے 6، شان مارش نے 54، مارکوس سٹوئنس نے 47 اور گلین میکس ویل نے 11 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 54 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور بھوینشور کمار نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رویندرا جدیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور صرف 4 کے مجموعی سکور پر ہی بھارت کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد روہت شرما اور مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیم کو سنبھالا دیا تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما نے 133 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شیکھر دھون0، ویرات کوہلی 3، امباتی رائیڈو 0، مہندرا سنگھ دھونی 51، دنیش کارتھک 12، رویندرا جدیجہ 8، بھوینشور کمار 29، کلدیپ یادیو 3 اور محمد شامی صرف ایک سکور بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے رچرڈسن سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں محض 26 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جیسن بھرینڈورف اور مارکوس سٹوئنس نے 2,2 اور پیٹر سڈل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
Tags آسٹریلیا بمقابلہ انڈیا پہلا ون ڈے ون ڈے