گوادر:پاکستان اور سعودی عرب آئندہ ماہ گوادر میں آئل سٹی کے قیام کے معاہدے پر دستخط کریں گے، جبکہ سعودی عرب کے وزیر پیٹرولیم شہزادہ خالد بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کے ہمراہ گوادر کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ سی پیک میں پاکستان، چین اور سعودی عرب کا باہمی اشتراک عالمی مثال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحقام کے لیے اہمیت کے حامل ممالک ہیں اور گوادر کی بندرگاہ ایک اہم خطے میں واقع ہے۔
اس موقع پرغلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان اپنے سعودی بھائیوں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی کے قیام کے لیے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔ا س سے قبل سعودی وزیر پٹرولیم خالد بن عبدالعزیز اپنے وفد کے ہمراہ گوادر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
گوادر ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقعے پر وفاقی ایڈیشنل سیکریٹری اور صوبائی وزیر ظہور بلیدی اور دیگر حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
اسکول کے بچوں اور چائینیز نے سعودی مہمانوں کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔گوادر کے چائینہ بزنس کمپلکس میں دونوں وفود کی ملاقات ہوئی جہاں گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی(جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سجاد بلوچ نے وفد کو گوادر پورٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے بریفنگ دی۔