آسٹریلیا میں مسلمانوں سے نفرت کا تازہ واقعہ پیش آیا ہے،ایک انگریز خاتون نے چلتی ٹرین میں باحجاب لڑکی پرحملہ کرکے اسے زدوکوب کیا اور مغلظات بکیں۔
متاثرہ لڑکی نے حملہ آور خاتون کو بتایا کہ وہ آسٹریلوی شہری ہے تاہم حملہ آورخاتون چلاتی رہی کہ مجھے اسلام سے نفرت ہے، مسلمان دہشت گرد ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق میلبورن شہر میں اسلام فوبیا کی شکار ایک شرپسند خاتون ٹرین میں موجود مسلمان خواتین کی موجودگی پر سیخ پا ہوگئی ، ایک مسلمان لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اسے بچانے دوسری مسلمان لڑکی آئی تو اس پر تشدد کیا اور گالیاں بکیں۔
اس حوالے سے تشدد کی شکار مسلمان خاتون نے سوشل میڈیا پر واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے لکھا کہ اسے نفرت انگیزی کا نشانہ اس وقت بنایا گیاجب وہ دوسری مسلمان خاتون کو حملہ آور کے نرغے سے بچانے کی کوشش کررہی تھی۔
20 سالہ فہیمہ نے لکھا کہ مسلمان خاتون کو بچانے پر آسٹریلوی خاتون نے اس پر حملہ کردیا، حملہ آور نے دھکے دیے، مغلظات بکیں اور زدو کوب کیا۔
واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں خاتون اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے باحجاب لڑکی کودھکے دے رہی ہے۔
مقامی پولیس نے 39 سالہ خاتون کے خلاف حملے کا مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم ملزمہ کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔