امریکی کمپنی کارگل کاپاکستان میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

خوراک کے شعبے میں کام کرنے والی امریکی کمپنی کارگل (Cargill)نے پاکستان میں اگلے تین سے پانچ سالوں میں مزید 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

کارگل کمپنی کے ہیڈ آف گلوبل اسٹریٹیجی اور چیئرمین کارگل ایشیا پیسفک ریجن مارسل اسمٹس کی سربراہی میں کارگل ایگریکلچرل سپلائی چین کے صدر گرٹ جین وان ڈین اکر پر مشتمل ایک ایگزیکٹو ٹیم نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور دیگر سینئر حکومتی افسران سے ملاقات کی، جس کے دوران کمپنی کے سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

کارگل کمپنی آئندہ 3 سے 5 سال کے دوران پاکستان میں زرعی تجارت، سپلائی چین، خوردنی تیل، ڈیری مصنوعات، گوشت اور انیمل فیڈ کی مارکیٹ میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کمپنی کے وفد کو تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

رپورٹ کے مطابق کارگل کمپنی پاکستان میں ڈیری انڈسٹری میں جدت لائے گی اور کمپنی کے مجوزہ سرمایہ کاری منصوبے سے پاکستان کی مجموعی معاشی ترقی اور مقامی ملازمتوں میں اضافہ ہوگا۔