ساہیوال واقعے میں زخمی تینوں بچوں کو لاہور منتقل کردیا گیا،زخمی عمیرکودائیں ٹانگ میں گولی لگی جبکہ منیبہ کاہاتھ گاڑی کاشیشہ ٹوٹنے کی وجہ سے زخمی ہوا ۔
واقعے میں زخمی عمیر اور منیبہ جنرل اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ 4 سال کی ہادیہ کو گھر پہنچا دیا گیا ۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق کار ڈرائیور ذیشان کو 10 گولیاں ماری گئیں ، 13 سال کی اریبہ کو 6 گولیاں لگیں ، اس کی والدہ نبیلہ بی بی کو 4 اور والد خلیل کو 13 گولیاں لگیں ۔
ساہیوال واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنادی گئی ہے جو تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی ، واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ۔
دوسری جانب مبینہ مقابلے میں جاں بحق افراد کے ورثا کا جی ٹی روڑ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا۔ جاں بحق خلیل کے بھائی کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے ہمیشہ کی طرح روایتی کمیٹی بنانے کااعلان کیا ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے تک جی ٹی روڈ پر دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا ۔
رات ایک بجے سے جاری دھرنے کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ۔